دلہن کی ڈانس انٹری پر تنازع، بارات واپس، شادی منسوخ
ہریانہ: دلہن کی ڈانس انٹری پر تنازع، بارات واپس، شادی منسوخ
بھارت کی ریاست ہریانہ سے شادی کی ایک عجیب و غریب تقریب کی خبر سامنے آئی ہے جہاں دلہن کے ڈانس پر ہونے والا اعتراض دو خاندانوں کے درمیان تلخ کلامی اور بالآخر شادی کے خاتمے کا سبب بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق، شادی کی تقریب اس وقت کشیدہ ہو گئی جب دلہن ہال میں داخل ہوتے ہوئے رقص کر رہی تھی۔ دلہے کے والد اور بڑے بھائی نے اس رقص پر فوری اعتراض اٹھایا، جس کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان تلخ کلامی کا سلسلہ شروع ہو گیا جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید تنازع میں بدل گیا۔
تنازع بڑھنے پر دلہے کے والد نے شادی کی تقریب کو فوری طور پر ختم کرنے کا حتمی فیصلہ کیا، جس کے بعد بارات بغیر رخصتی واپس روانہ ہو گئی اور ایک خوشیوں بھرا دن ادھوری تقریب میں بدل گیا۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کے بعد بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں شادیوں میں ایسے ڈانس معمول کا حصہ ہیں، جبکہ دوسری جانب کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ ایسے معاملات پر دونوں خاندانوں کو شادی سے قبل ہی آپس میں بات چیت کر کے اتفاقِ رائے کر لینا چاہیے تھا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

Comments
Post a Comment