ملتان سے مری کا سفر قیامت میں بدل گیا خاندان کے 10 افراد آتشزدگی میں جاں بحق...
ملتان سے مری کا سفر قیامت میں بدل گیا خاندان کے 10 افراد آتشزدگی میں جاں بحق...
جنوبی پنجاب کے شہر ملتان سے سیر و تفریح کے لیے مری جانے والا ایک ہنستا بستا خاندان اس وقت سوگ میں ڈوب گیا جب اُن کی وین مری ایکسپریس وے پر ایک خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 5 بچوں، اہلیہ اور والدہ سمیت 10 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔
حادثے کے متاثرہ سید کاشف علی، جو اس غم سے نڈھال ہیں، کا کہنا ہے کہ وہ بچوں اور اہلیہ کی ضد کے ہاتھوں مجبور ہو کر انہیں مری جانے کی اجازت دینے پر راضی ہوئے تھے۔ اُن کے مطابق، "میری والدہ نے کہا تھا کہ بچے پہلی بار سیر کرنے جا رہے ہیں، انہیں مت روکو۔" کاشف علی نے بتایا کہ یہ خاندان تین گاڑیوں میں ملتان سے روانہ ہوا تھا، لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ مری ایکسپریس وے پر کھجوٹ کے مقام پر پیش آیا، جہاں ہائی روف وین موڑ کاٹتے ہوئے نالے میں جا گری اور فوراً ہی آگ بھڑک اٹھی۔ گاڑی کا دروازہ دیوار کی جانب ہونے کے باعث مسافر اندر ہی پھنس گئے، جس سے جانی نقصان کی شدت میں اضافہ ہوا۔
مقامی حکام اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ اس قدر شدید تھی کہ لاشیں ناقابل شناخت ہو گئیں۔ حادثے میں 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں آٹھ بچے شامل ہیں، جو ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس مری کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ ڈرائیور کو نیند کا جھونکا آنا بتایا جا رہا ہے۔
متاثرہ خاندان کے رشتہ داروں نے مطالبہ کیا ہے کہ مسافر گاڑیوں کی فٹنس کے معیار کو سختی سے یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے اندوہناک واقعات سے بچا جا سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پورا محلہ سوتری وٹ سوگ میں ڈوبا ہوا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔

Comments
Post a Comment